تلنگانہ کے کسانوں کو یکم جنوری سے روزانہ 24 گھنٹے برقی سربراہی

نلگنڈہ کے عوام کو فلورائیڈ کے محفوظ پانی کی سربراہی ، ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : یکم جنوری سے ریاست تلنگانہ میں کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی عمل میں لائی جائے گی ۔ یہ بات وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں ضلع نلگنڈہ میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ریاستی حکومت کسانوں کی حکومت ہے اور کسانوں کے لیے ہر موڑ پر مددگار ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیورکنڈہ اور منگوڑ حلقوں کے ہر ایکڑ کو پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ اور زرعی اراضیات کو سیر آب کرتے ہوئے سرسبز و شاداب سنہرے تلنگانہ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے ذریعہ 5 لاکھ ایکڑ اراضی کو کاشت کے قابل بنایا گیا اور 46 ہزار تالابوں کی مرمت اور ان کی ترقی کے اقدامات انجام دئے گئے ۔ سابق میں تالابوں کے تحت 11 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہوتی تھی لیکن تلنگانہ حکومت کے اقدامات کی بدولت 16 لاکھ ایکڑ اراضی سیراب ہورہی ہے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ ضلع نلگنڈہ میں 9 لاکھ ایکڑ اراضی کے مسئلہ کو حل کیا گیا اور 6500 کروڑ کی لاگت سے ڈنڈی پراجکٹ کے کاموں کا آغاز کیا گیا تاکہ نلگنڈہ کی عوام کو فلورائیڈ سے راحت فراہم کی جاسکے ۔ اس پراجکٹ کے 60 فیصد کام مکمل ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے اراضی سروے کے مطابق بتایا کہ جو کام 60 سال کے عرصہ میں نہیں ہوا تلنگانہ کی کے سی آر حکومت نے 3 ماہ میں کر دکھایا ہے ۔ اور کسانوں کے مسائل حل ہوئے انہوں نے بتایا کہ اراضی سروے کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور محکمہ ریونیو سے عوام کو کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں گی ۔ انہوں نے ضلع نلگنڈہ کے متعلق کہا کہ اس اقدام سے 3 لاکھ 73 ہزار کسانوں کا مسئلہ حل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسم برسات سے ہر ایکڑ زرعی اراضی کے لیے بیج کھاد اور کیڑا مار ادویات کے لیے رقم حکومت فراہم کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا ضلع نلگنڈہ کو عوام کے دیرینہ خواہش موسمی مارکیٹ کا عنقریب افتتاح عمل میں آئے گا جو کہ 20 سال سے تعطل کا شکار ہے ۔ اس پروگرام میں ضلع نلگنڈہ کے کلکٹر گورو اپل کے علاوہ ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی مسٹر جگدیش ریڈی و دیگر موجود تھے ۔۔