تلنگانہ کے وزیر ٹکسٹائلز کے ٹی راما راؤ کا 30جون کو گجرات کا دورہ

حیدرآباد 29جون (یواین آئی ) تلنگانہ کے وزیر ٹکسٹائلز کے ٹی راما راؤ 30جون کو گجرات کا دورہ کریں گے جہاں وہ دو روزہ انٹرنیشنل ٹکسٹائلز انڈیا 2017سمٹ میں شرکت کریں گے جس کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی کریں گے ۔اس سمٹ کا اہتمام مرکزی وزارت پارچہ جات کی جانب سے کیا جارہا ہے جس میں پارچہ جات کے سرکردہ بین الاقوامی صنعت کار،نمائندے ، خریداری کرنے والے ، فروخت کرنے والے افراد ، ایجنٹس کی شرکت متوقع ہے ۔تلنگانہ حکومت ، ریاست پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔تلنگانہ کے محکمہ پارچہ جات کے پرنسپال سکریٹری جئیش رنجن ریاست کی پارچہ جات کی پالیسی پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کریں گے ۔ساتھ ہی اس شعبہ کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے دی جارہی ترغیبات اور دیگر فوائد کی تفصیلات بھی پیش کریں گے ۔