تلنگانہ کے اسکولی نصاب میں آصف جاہی حکمرانوں پر نئے باب کے اضافہ کا فیصلہ :محمود علی

حیدرآباد 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت تلنگانہ‘ریاست کے اسکولی نصاب میں سابق ریاست حیدرآباد کے آصف جاہی حکمرانوں ایک نیا باب شامل کرے گی ۔ سابق ریاست حیدرآباد کے آخری نظام نواب میر عثمان علی خاں کی 49 ویں برسی کے موقع پر محمود علی نے اتوار کو کنگ کوٹھی کی مسجد جودی میں نظام سابع کے مزار پر چادر گل کی پیشکشی کے بعداخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے اسکولی نصاب میںآصف جاہی سلطنت کے نظام حکمرانوں بالخصوص آخری حکمراں عثمان علی خاں کی زندگی اور کارناموں پر مضامین شامل کئے جائیں گے تا کہ نئی نسلوں کو ان حکمرانوں کی گرانقدر خدمات سے واقف کروایا جاسکے ۔ محمود علی نے کہا کہ نظام حکمراں انتہائی سیکولر تھے جو حیدرآباد کی ترقی کیلئے کئی مثالی کارنامے انجام دیئے ہیں۔