تلنگانہ کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس کی کامیابی ضروری : ہریش راؤ

مہا کوٹمی موقع پرستانہ اتحاد، نرسا پور میں وزیر آبپاشی کی انتخابی مہم

حیدرآباد۔/17نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں ہر جگہ ٹی آر ایس کی کامیابی کا چرچا ہے اور عوام مہا کوٹمی کو بری طرح شکست سے دوچار کردیں گے۔ ہریش راؤ نے آج میدک کے نرسا پور اسمبلی حلقہ میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے ٹی آر ایس امیدوار مدن ریڈی کے ہمراہ روڈ شو کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کو اقتدار تو دور کی بات ہے اپوزیشن کا عہدہ بھی حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس پارٹی برسراقتدار آنے پر سیاسی عدم استحکام پیدا ہوجائیگا کیونکہ چندرا بابو نائیڈو تلنگانہ کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہا کوٹمی کو ووٹ دینا تلنگانہ میں بحران پیدا کرنے کے مترادف ہے جبکہ ٹی آر ایس کو ووٹ ترقی اور فلاح بہبود کیلئے ثابت ہوگا۔ انہوں نے کودنڈا رام کو ٹکٹ سے محروم کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کودنڈا رام اور پونالہ لکشمیا ٹکٹ کیلئے آپس میں جھگڑ پڑے اور کانگریس نے تلنگانہ تحریک سے وابستہ کودنڈا رام کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوںکی تقسیم پر مہا کوٹمی تنازعہ کا شکار ہے اور عوام مہا کوٹمی کی آپسی تکرار کو دیکھ رہے ہیں ۔ اگر یہ کوٹمی برسر اقتدار آتا ہے تو ریاست کی ترقی رُک جائے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ نرسا پور سے سنیتا لکشما ریڈی 15 برس تک رکن اسمبلی رہیں لیکن انہوں نے علاقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا۔ تلنگانہ کیلئے جب ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے استعفی دیا تو سنیتا لکشما ریڈی نے انکار کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات اس کی کامیابی کیلئے کافی ہیں۔ تمام طبقات کی یکساں ترقی کو کے سی آر نے یقینی بنایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس 100 سے زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے ذریعہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو سیراب کیا جائے گا۔ اپوزیشن نے 200 مقدمات کے ذریعہ پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موقع پرست اتحاد کو سبق سکھائیں۔