تلنگانہ میں کانگریس کی جیت سونیا و راہول گاندھی کیلئے تحفہ ہوگی

کامیابی کی اہلیت رکھنے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ دیا گیا ۔ کے وینکٹ ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد 13 نومبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد سابق وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ دینے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی کامیابی راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کو تحفے میں پیش کی جائیگی۔ کانگریس کی 65 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ ہائی کمان نے کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی ٹکٹ دیا ہے۔ اُنھیں اُمید ہے مابقی حلقوں پر بھی کانگریس طاقتور امیدواروں کو ہی ٹکٹ دے گی۔ انھوں نے کہاکہ متحدہ ضلع نلگنڈہ کے تمام حلقوں پر کانگریس کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل ہوگی۔ عظیم اتحاد میں شامل جماعتیں حکومت تشکیل دینے میں اہم رول ادا کریں گی۔ کے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ کانگریس کی کامیابی کو کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ کانگریس صدر راہول گاندھی تلنگانہ پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ خواب تو سنہرے تلنگانہ کا دیکھا گیا تھا مگر کے سی آر نے ریاست کے 4 کروڑ عوام کو نظرانداز کرکے اپنے خاندان کے 4 افراد کی خوشحالی کیلئے کام کیا جس سے تلنگانہ ترقی کے بجائے قرضوں میں مبتلا ہوگیا ۔ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس حکومت سے بدظن ہیں ۔ سماج کا کوئی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ ریاست میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے جس میں کارگذار چیف منسٹر کے ساتھ تمام وزراء اور ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو شکست ہوجائے گی اور کانگریس کامیابی کا نیا ریکارڈ درج کرے گی۔ کانگریس کے تمام قائدین متحدہ طور پر کام کرتے ہوئے کانگریس کی کامیابی سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو تحفے میں پیش کریں گے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کی تحریک سے وہ بھی متاثر تھے وزارت سے مستعفی ہوگئے تھے لیکن علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے بعد توقع کے مطابق کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔