تلنگانہ میں کانگریس بس یاترا اطمینان بخش

تلنگانہ میں کانگریس بس یاترا اطمینان بخشدہلی میں ڈگ وجئے سنگھ سے شیخ عبداللہ سہیل کی ملاقات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد ڈگ وجئے سنگھ نے تلنگانہ میں کانگریس کی بس یاترا پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل سے ریاست کے سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ 6 ماہ تک مدھیہ پردیش میں پدیاترا کرنے والے ڈگ وجئے سنگھ دہلی پہونچ چکے ہیں ۔ راہول گاندھی کے جلسہ عام میں شرکت کرنے کے لیے دہلی پہونچنے والے شیخ عبداللہ سہیل نے ڈگ وجئے سنگھ سے ان کی قیام گاہ میں ملاقات کی اور تلنگانہ کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی جانب سے شروع کردہ پرجا چیتنیہ بس یاترا کے بارے میں بھی ڈگ وجئے سنگھ نے معلومات حاصل کی ۔ صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ نے بتایا کہ بس یاترا 31 اسمبلی حلقوں کا احاطہ کرچکی ہے ۔ کانگریس کے تمام قائدین نے بس یاترا کے ذریعہ جہاں عوام میں اتحاد کا پیغام پہونچایا ہے ۔ وہی ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو آشکار کرنے میں کانگریس پارٹی پوری طرح کامیاب ہوئی ہے ۔ پارٹی کارکنوں میں ایک نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے ۔ کانگریس کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ ٹی آر ایس کے بشمول دوسری جماعتوں کے قائدین کانگریس سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ بس یاترا کی کانگریس ہائی کمان کو مثبت رپورٹس وصول ہورہی ہیں ۔ فی الوقت صدر کانگریس راہول گاندھی کرناٹک کے انتخابات میں مصروف ہیں ۔ انتخابات کے بعد وہ تلنگانہ کی سیاست پر توجہ دیں گے ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی فرقہ پرست طاقتوں چاہے وہ مسلم ہو کہ ہندو دونوں سے برابر کی دوری برقرار رکھے گی ۔ انہوں نے پرانے شہر میں کانگریس کو استحکام کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی وضاحت طلب کی ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے انہیں پارٹی کی حکمت عملی سے واقف کرایا ۔ ڈگ وجئے سنگھ نے شیخ عبداللہ سہیل کو کرناٹک میں بالخصوص نظام اسٹیٹ کے شہروں میں کانگریس امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کا مشورہ دیا ۔۔