تلنگانہ میں پہلی حکومت کانگریس کی ہوگی: محمد فاروق حسین

حیدرآباد /6 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس کو ہی عوام نے ووٹ دیا ہے، لہذا نئی ریاست میں پہلی حکومت کانگریس کی ہوگی اور ٹی آر ایس کا خواب چکنا چور ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس نے سیما۔ آندھرا میں اپنا سیاسی نقصان برداشت کرتے ہوئے علحدہ ریاست تشکیل دی، جب کہ لمحہ آخر میں تلگودیشم، بی جے پی اور دیگر جماعتیں اپنے وعدہ سے منحرف ہو گئیں، اس کے باوجود صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اپنے وعدہ کو پورا کیا، اسی لئے تلنگانہ کے عوام نے کانگریس کو ووٹ دے کر مسز گاندھی سے اظہار تشکر کیا ہے۔ انھوں نے سربراہ ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ کو دھوکہ باز اور موقع پرست قرار دیتے ہوئے کہا کہ علحدہ ریاست تشکیل دینے پر اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے کا وعدہ کرنے کے باوجود وہ اپنے وعدہ سے منحرف ہو گئے۔ اسی طرح تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے کے وعدہ سے بھی دست بردار ہو گئے، لہذا مسلمانوں سے کئے گئے وعدہ پر بھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ سربراہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ میں رائے دہی سے قبل تیسرا محاذ کا نعرہ لگایا، تاہم انتخابات کے بعد وہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد سے گریز نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کی مخالفت کرنے والی وائی ایس آر کانگریس کا تلنگانہ میں نام و نشان نہیں رہے گا اور نہ ہی تلنگانہ کی تائید کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے والی تلگودیشم اور بی جے پی کو عوام معاف کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ سیکولرازم کا نقاب اوڑھنے والی تلگودیشم کا بی جے پی سے اتحاد کے بعد اصلی چہرہ سامنے آگیا ہے، جب کہ عوام بالخصوص مسلمانوں نے تلگودیشم اور بی جے پی کو شکست دینے کے لئے سیکولر نظریات کی حامل کانگریس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔