تلنگانہ میں پچاس فیصد اراضی سروے مکمل: چیف منسٹر

عنقریب نئے گرام پنچایت اور بلدیات کا قیام، اسمبلی میں کے چندرشیکھر راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 17 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں 50 فیصد اراضی سروے مکمل ہوجانے کا دعویٰ کیا۔ بہت جلد 5 ہزار نئے گرام پنچایت 15 یا 20 بلدیات قائم کرنے کا اعلان کیا۔ آج اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں اراضی ریکارڈ کو باقاعدہ بنانے کیلئے اراضی سروے کیا جارہا ہے۔ 50 فیصد سروے کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ جن اراضیات کا ریکارڈ درست ہوگیا ہے، انہیں نئے پاس بکس بھی جاری کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ طویل عرصہ سے پرکال کو ڈیویژن کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، جس پر حکومت ہمدردانہ غور کررہی ہے اور بہت جلد پرکال کو ڈیویژن کا درجہ دیا جائے گا۔ تلنگانہ کیلئے معاون و مددگار ثابت ہونے والے زونس تیار کئے جائیں گے۔ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں سے صدورنشین ضلع پریشد کا رول تماشائی بن گیا ہے۔ نیرگہ کے مسئلہ پر مرکز کو ایک درجن سے زائد مکتوبات روانہ کئے گئے ہیں۔ اضلاع کی تنظیم جدید کو بہت بڑا اصلاحی عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں کی تعداد میں اضافہ کیا جانا ضروری ہوگیا ہے۔ 5 ہزار نئے گرام پنچایتوں کے ساتھ 15 تا 20 نئے میونسپلٹیز قائم کئے جائیں گے۔ سرکاری محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اضلاع کی تنظیم جدید سے عوام مطمئن ہیں۔ ملک کا واحد پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ نظم و نسق میں اصلاحات کے پیش نظر پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ عصری تکنیکی آلات کا استعمال کیا جارہا ہے۔ 1300 کروڑ روپئے کے مصارف سے انٹگریٹیڈ کلکٹریٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔