تلنگانہ اور اے پی میں میڈیکل کونسلنگ میں توسیع سپریم کورٹ کے احکامات

نئی دہلی28ستمبر(یواین آئی)دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں میڈیکل کونسلنگ کی مہلت میں سات اکتوبر تک توسیع کرنے کیلئے سپریم کورٹ نے احکامات جاری کئے ۔ تلنگانہ میں ایمسٹ امتحان کے پرچہ کے لیک ہونے پر کونسلنگ کا عمل مکمل کرنے کیلئے مہلت میں توسیع کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی جس پر آندھراپردیش حکومت نے بھی ایک علحدہ عرضی داخل کرتے ہوئے عدالت عظمی سے خواہش کی کہ تلنگانہ میں کونسلنگ کی ڈیڈ لائن میں توسیع پر اے پی میں بھی کونسلنگ کی مہلت میں توسیع دی جائے ۔ آندھرا پردیش کے وکیل نے کہا کہ یہ کونسلنگ دونوں تلگو ریاستوں میں ہوتی ہے جس میں دونوں ریاستوں کے طلبہ شرکت کرتے ہیں ۔ اسی لئے اس میں توسیع کی جانی چاہئے تاہم میڈیکل کونسل نے ان عرضیوں پر اعتراض کیا ۔ دو رکنی بنج نے تمام فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد کونسلنگ 7اکتوبر تک مکمل کرنے کی تلنگانہ اور اے پی کو ہدایت دی ۔