تلنگانہ انتخابی مہم میں راہول گاندھی، کے سی آر، امیت شاہ سرگرم

سونیا گاندھی جمعہ کو میڑچل میں خطاب کریں گی، وزیراعظم مودی کا ڈسمبر میں انتخابی دورہ ، بالا کرشنا تلگو دیشم کے اسٹار کمپینر

حیدرآباد۔ 18 نومبر(پی ٹی آئی) تلنگانہ اسمبلی کے 7 ڈسمبر کو ہونے والے انتخابات کیلئے جاری مختلف سیاسی جماعتوں کی مہم آئندہ پندرہواڑہ کے دوران غیرمعمولی شدت کے ساتھ اپنے عروج پر پہونچ جائے گی جب بشمول وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی صدر امیت شاہ، یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی، دیگر کئی سرکردہ قائدین اس ریاست کے طوفانی دورے کرتے ہوئے انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل پیرا کو ختم ہوجائے گا جس کے ساتھ ہی بڑی جماعتیں جیسے حکمران ٹی آر ایس، بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس عظیم اتحاد میں شامل اپنے حلیفوں تلگو دیشم وغیرہ کے ساتھ مہم میں پوری سرگرمی کے ساتھ مشغول و متحرک ہونے کے منصوبے مرتب کرچکے ہیں۔ کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اس کی سابق صدر سونیا گاندھی، تاسیس تلنگانہ کے بعد اس ریاست کا پہلا دورہ کررہی ہیں۔ وہ 23 نومبر کو حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ میڑچل میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن گڈور نارائنا ریڈی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی 28، 29 نومبر اور 3 ڈسمبرکو انتخابی مہم کے ضمن میں اس ریاست کا دورہ کریں گے۔ بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر کے لکشمن نے کہا کہ امیت شاہ 25 نومبر سے تلنگانہ کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی توقع ہے کہ ڈسمبر کے پہلے ہفتہ کے دوران تلنگانہ کا انتخابی دورہ کریں گے۔ بی جے پی کے قومی صدر نے ستمبر میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران اپنی پارٹی کی مہم کا آغاز کیا تھا اور اختتام سے قبل مزید دو جلسوں سے خطاب کریں گے۔ ٹی آر ایس کے صدر اور تلنگانہ کے نگران کار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) اپنی حکمراں جماعت کے ’اسٹار کیمپینر‘ ہیں۔ وہ اس ہفتہ ریالیوں سے سلسلہ وار خطاب کریں گے۔ ان کے فرزند کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) اور بھانجہ ہریش راؤ جو دونوں ہی نگران کار حکومت میں وزراء ہیں، 6 ستمبر کو اسمبلی تحلیل کئے جانے کے بعد سے اپنی پارٹی کی مہم کی قیادت کررہے ہیں۔ کانگریس کے زیرقیادت عظیم اتحاد میں شامل آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی تلگو دیشم پارٹی کو اس کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کے فرزند این بالا کرشنا کی اسٹار کیمپینر کی حیثیت سے مل گئے ہیں جو ایک سرکردہ اداکار بھی ہیں، اس پارٹی کی مہم چلائیں گے۔ عظیم اتحاد کی ایک اور حلیف تلنگانہ جنا سمیتی (ٹی جے ایس) کے صدر ایم کودنڈا رام عوام کو عظیم اتحاد کے ایجنڈہ سے واقف کروائیں گے۔ کانگریس ، تلگو دیشم ، سی پی آئی اور ٹی جے ایس پر مشتمل عظیم اتحاد نے الزام عائد کیا ہے کہ قیام تلنگانہ کے بعد ٹی آر ایس کی حکمرانی میں عوام کے امنگوں کی تکمیل نہیں ہوسکی ہے۔