ترکی میں دولت اسلامیہ کے مشتبہ جنگجو گرفتار

استنبول ۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ترک پولیس نے کم و بیش 100 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کے دولت اسلامیہ سے روابط ہیں۔ ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق استنبول پولیس نے متعدد اضلاع میں دھاوے کرتے ہوئے 82 بیرونی شہریوں کو گرفتار کیا۔ یہ تمام مشتبہ افراد جنگی علاقوں میں دولت اسلامیہ کے ساتھ سرگرم تھے اور شام جانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ خبر رساں ایجنسی نے مزید بتایا کہ جنوبی صوبہ آدانا سے بھی 11 شامی شہریوں کو دولت اسلامیہ سے مبینہ روابط کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا جبکہ سات دیگر افراد جن کی قومیت کا انکشاف نہیں کیا گیا، کو بھی ازمیر صوبہ میں گرفتار کیا گیا۔ علاوہ ازیں استنبول میں جن 82 بیرونی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کی شہریت کا انکشاف بھی نہیں کیا گیا۔ یہ تمام آپریشنس ترکی سے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے مکمل صفائے کیلئے کئے جارہے ہیں۔ کل انقرہ میں کئے گئے ایک آپریشن کے دوران پولیس نے زائد از 170 دولت اسلامیہ کے مشتبہ جنگجوؤں کو گرفتار کیا تھا۔