تحریک پر مبنی ڈاکومنٹری و عام فلمیں تلنگانہ تاریخی اثاثہ

ٹی آر سی کا مذاکرہ ، فلم ڈائریکٹر چرن و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔31اگست(سیاست نیوز)تلنگانہ تحریک پر مبنی ڈاکیومنٹری اور عام فلمیں تلنگانہ کا تاریخی اثاثہ ہیں جس کی حفاظت کیلئے تلنگانہ حکومت کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔تلنگانہ ریسور س سنٹر کے 137ویں مذاکرے فلم ’’جئے بولو تلنگانہ‘‘ کی نمائش اور اس پر بحث کے دوران نگران کارِ مذاکرہ ومعروف فلم ڈائرکٹر چرن نے یہ بات کہی۔ اس مذاکرے سے تلنگانہ فلمی صنعت کی معروف شخصیتیں مسٹر رویندر‘مسٹر پربھو اور مسٹر ادریش نے بھی خطاب کیا۔ مسٹر چرن نے کہاکہ 60 سال میں دیگر شعبہ جات کی طرح تلنگانہ کی فلمی صنعت کو تباہ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر منصوبہ سازی کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ غیر علاقائی سرمایہ داروں بالخصوص آندھرائی لوگوں کی غیر معمولی اجارہ داری نے تلنگانہ کی فلمی صنعت کے فروغ میں بڑے رکاوٹ بنی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد دیگر شعبہ جات کے طرز پر تلنگانہ کی فلمی صنعت سے وابستہ افراد کی بھی توقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہو ںنے کہاکہ چیف منسٹر تلنگانہ ریاست مسٹر کے چندرشیکھر رائو کی جانب سے دوہزار ایکڑ پر مشتمل تلنگانہ فلم سٹی قائم کرنے کا اعلان تلنگانہ کی فلمی صنعت سے وابستہ لوگوں میں ایک نئی امیدکی کرن روشن کی ہے۔انہو ں نے مزید کہاکہ تلنگانہ کی فلمی صنعت کے فروغ کے لئے حکومت کی جانب سے مزیدفلاحی اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔مسٹر چرن نے تلنگانہ فلمی صنعت سے وابستہ افراد میں اتحاد کو بھی ضروری قراردیا اور کہاکہ متحد ہ ریاست آندھرا پردیش میں آندھرائی سرمایہ داروں اور قائدین نے تلنگانہ کی فلمی صنعت کو ترقی سے روکنے کے لئے ہمارے درمیان میں نفاق پیدا کرنے کاکام کیا تھا جس کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے تلنگانہ کے مختلف مسائل پر تیارکی گئی ڈاکیو منٹری فلم کے ڈائرکٹر مسٹر نی نرسنگ رائو کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مراعات سے محروم تلنگانہ کی فلمی صنعت میں ڈاکیومنٹری فلم کے ذریعہ پانچ ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈائرکٹر بی نرسنگ رائو کی خدمات سے بھی حکومت تلنگانہ استفادہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی فلمی صنعت کی ترقی کو یقینی بنایا جائے۔