بی جے پی کو دھکا، باغی لیڈر نانا پٹولے لوک سبھا سے مستعفی

نئی دہلی ۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی میں ناراضگی آج اس وقت منظرعام پر آگئی جب مہاراشٹرا کے حلقہ گونڈیا کی نمائندگی کرنے والے ایک رکن پارلیمنٹ ناناپٹولے نے فوری اثر کے ساتھ ایوان کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا۔ ناناپٹولے نے لوک سبھا کی اسپیکر سمترامہاجن کے نام اپنے مکتوب میں استعفیٰ کیلئے 14 وجوہات کا حوالہ دیا ہے جن میں نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور کسانوں کے مسائل بھی شامل ہیں۔ وہ بی جے پی کے باغی رکن کی حیثیت سے ابھرے تھے اور حالیہ عرصہ کے دوران انہوں نے بالخصوص کسانوں کے مسائل پر بی جے پی اور نریندرمودی حکومت کو کھلے عام تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا۔ پٹولے نے اکٹوبر کے دوران شیوسینا کے سربراہ ادھوٹھاکرے سے ملاقات بھی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے کئی مرتبہ ان مسائل کو رجوع کرچکے ہیں جنہیں نظرانداز کردیا گیا۔ ناناپٹولے ماضی میں بشمول کانگریس مختلف سیاسی پارٹیوں سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ 2014ء کے عام انتخابات میں انہوں نے این سی پی کے طاقتور لیڈر پرافل پٹیل کو شکست دی تھی۔