بی جے پی ‘ ٹی آر ایس و مجلس کے غیر معلنہ اتحاد کو شکست دینے کی اپیل

بھولکپور میں انتخابی ریلی اور جلسہ عام ۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد کا خطاب
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد نے بی جے پی، ٹی آر ایس اور مجلس کے غیر معلنہ اتحاد کو اسمبلی مشیرآباد سے شکست دینے کانگریس کے نوجوان قائد اور پیپلز فرنٹ کے امیدوار انیل کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے سیکولرازم اور دستور کا تحفظ کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ بھولکپور میں انتخابی ریالی منظم کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا سابق رکن پارلیمنٹ ، صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو، سابق ڈپٹی میئر راجکمار، سابق کارپوریٹر ایس محمد واجد حسین کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ انہیں اسمبلی حلقہ مشیرآباد کا دورہ کرتے ہوئے اندازہ ہورہا ہے کہ سارے تلنگانہ میں کانگریس و پیپلز فرنٹ کی لہر چل رہی ہے اور اس لہر میں تینوں جماعتوں کا غیر معلنہ اتحاد ناکام ہوجائے گا۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ملک کی پانچ ریاستوں میں جہاں انتخابات منعقد ہورہے ہیں میزورم میں کانگریس دوبارہ اقتدار حاصل کرے گی ، چھتیس گڑھ ، راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں

جہاں سے کانگریس کامیاب ہوگی۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس اور اس کی حلیف جماعتوں کو شکست ہوجائے گی اور کانگریس پارٹی کی زیرقیادت عوامی محاذ حکومت تشکیل دے گا۔ انیل کمار یادو تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر ہیں انہوں ے چار سال تک حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا ہے ، پولیس لاٹھی چارج کا شکار ہوئے اور کئی مرتبہ گرفتار بھی ہوئے مگر عوام کیلئے جدوجہد کرتے رہے، ایسے قائد کو کامیاب بنایا گیا تو وہ حلقہ اسمبلی مشیرآباد کی آواز بن کر اسمبلی میں گرجیں گے۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی نے اسمبلی حلقہ مشیرآباد کی ترقی کو نظر انداز کردیا اب دونوں جماعتوں کو سبق سکھانے اور حلقہ کو مثالی حلقہ میں تبدیل کرنے کیلئے کانگریس کے امیدوار انیل کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ گزشتہ انتخابات میں اس حلقہ سے بی جے پی کے ریاستی صدر منتخب ہوئے تھے جو حلقہ کے عوام کو کبھی دستیاب نہیںرہے۔ حکومت میں رہنے کے باوجود ٹی آر ایس نے ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو نظر انداز کردیا۔ غلام نبی آزاد نے انجن کمار یادو کو اپنا بھائی قرار دیا۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ مودی وزیر اعظم اور کے سی آر چیف منسٹر بننے کے بعد جمہوری اداروں کی آزادی ختم ہوگئی ہے۔ دونوں قائدین من مانی فیصلے کرتے ہوئے عوام پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں اور ان کے قائدین کو سبق سکھانے کاوقت آگیا ہے۔ اگر عوام اب ہوش میں نہیں آئیں گے اورٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست نہیں دیں گے تو آنے وا لا وقت مزید آزمائش سے بھرا ہوگا۔ انہوں نے تلنگانہ میںچار جماعتوں کے اتحاد عوامی محاذ کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملنے کا دعویٰ کیا۔