بی جے پی ملک کے اداروں کو تباہ و برباد کررہی ہے

پارٹی کے ناپاک منصوبوں کو شکست دینا ضروری :سیتارام یچوری
نئی دہلی ۔23 اکتوبر۔( سیاست ڈاٹ کام )سی بی آئی کے اندر اس کے ڈائرکٹر اور ڈپٹی ڈائرکٹر میں داخلی جھگڑے اور رشوت کے الزامات کاحوالہ دیتے ہوئے سی پی آئی ایم کے لیڈر سیتارام یچوری نے آج بی جے پی پر الزام عائد کیاکہ وہ ملک کے اداروں کو تباہ و برباد کررہی ہے ۔ اپنے سلسلہ وار ٹوئیٹس میں یچوری نے کہاکہ بی جے پی کے ناپاک منصوبوں کو شکست دینا ضروری ہے ۔ اس مسئلہ پر بی جے پی نے کوئی …… نہیں کیاہے ۔ سیتارام یچوری نے مزید ٹوئیٹ کیا کہ بی جے پی قیادت کی حکمرانی میں ملک کے اہم اداروں کو نقصان پہونچاکر انھیں تباہ کردیا جارہا ہے۔ ہندوستان کی تاریخ میں اس طرح کے واقعات نہیں ملتے ، یہ حکومت آر ایس ایس کے غیردستوری ایجنڈہ کو بڑھاوا دے رہی ہے ۔ ان کے ناپاک منصوبے ملک کے لئے خطرناک ہیں اور انھیں ناکام بنانا ضروری ہے۔ یچوری نے الزام عائد کیا کہ سی بی آئی خاص کر منظرعام پر آچکی ہے ۔ اس ایجنسی نے بی جے پی پارٹی کے صدر کی بھی تحقیقات کی تھی اور بی جے پی صدر پر سنگین الزامات تھے ۔ اب واضح ہوتا ہے کہ سی بی آئی نے آخر بی جے پی صدر سے کس طرح کی پوچھ گچھ کی ہوگی اور ان کی بدعنوانیوں کے اندھیرے میں ان کا نام ’’صاف ستھرے‘‘ طورپر اُبھرکر سامنے آگیا ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آخر سی بی آئی نے کس طرح کی تحقیقات کی ہوگی ۔