بی جے پی امیرترین جماعت ، 1,034 کرو ڑروپئے کی آمدنی

کانگریس کو 225 کروڑ روپئے کے ساتھ دوسرا مقام ، سی پی آئی غریب جماعت
نئی دہلی۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک کی سات قومی سیاسی جماعتوں نے 2016-17ء کے دوران مجموعی طور پر 1,559.17 کروڑ روپئے کی آمدنی کا اعلان کیا۔ ان میں بی جے پی سب سے زیادہ 1,034.27 کروڑ روپئے ہیں۔ دہلی میں واقع مفکر ادارہ تنظیم برائے جمہوری اصلاحات (اے ڈی آر) نے آج جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ بی جے پی کے 1,034.27 کروڑ روپئے 2016-17ء کے دوران معلنہ قومی جماعتوں کی آمدنی کا 66.34% حصہ ہیں جس کے بعد انڈین نیشنل کانگریس کو 225.36 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی جو مجموعی آمدنی کا 14.45% حصہ ہے۔ سی پی آئی کو سب سے کم 2.08 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی جو ان جماعتوں کی معلنہ مجموعی آمدنی 0.13% حصہ ہے۔ ملک بھر میں مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے داخل کردہ انکم ٹیکس دستاویزات کی بنیاد پر یہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ان سات جماعتوں نے 1,228.26 کروڑ روپئے کے مصارف کا اعلان بھی کیا ہے۔ 2016-17ء کے دوران بی جے پی سب سے زیادہ 710.05 کروڑ روپئے کے مصارف کا انکشاف کیا ہے۔ اس مدت میں کانگریس کے مصارف 321.66 کروڑ روپئے رہے جو اس کی اصل آمدنی سے 96.30 کروڑ روپئے زائد ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2016-17ء کے دوران بی ایس پی کی مجموعی آمدنی کا 70% حصہ بی جے پی اور سی پی آئی کی آمدنی کا 31% اور سی پی آئی (ایم) کی آمدنی کا 6% حصہ خرچ نہیں کیا گیا۔ بی جے پی کی آمدنی میں 2015-16ء کے مقابلے 81.18% کا اضافہ ہوا اور اس کی رقم 570.86 کروڑ روپئے سے بڑھ کر 1,034.27 کروڑ روپئے تک پہونچ گئی۔ کانگریس کی آمدنی 261.56 کروڑ روپئے سے گھٹ کر 225.36 کروڑ روپئے ہوگئی۔ بی ایس پی کی آمدنی 266.32% کے اضافہ کے ساتھ 2015-16ء میں 47.38 کروڑ روپئے سے بڑھ کر 2016-17ء میں 173.58 کروڑ روپئے ہوگئی۔ این سی پی کی آمدنی 88.63% اضافہ کے ساتھ 9.137 کروڑ روپئے سے بڑھ کر 17.235 کروڑ روپئے ہوگئی۔