بی ایس ایف ۔ پاک رینجرس کی سرحدی کشیدگی پر بات چیت

جموں 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف کے سیکٹر کمانڈرس اور پاکستانی رینجرس نے آج یہاں ایک فلیگ میٹنگ کی۔ گزشتہ 6 ماہ میں یہ پہلی ملاقات تھی۔ سچیت گڑھ سیکٹر پر ہوئی اس ملاقات میں حالیہ سرحد پار کی جھڑپوں کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بارڈر سکیورٹی فورس کے ترجمان نے کہاکہ دونوں جانب امن کی برقراری سے اتفاق کیا گیا اور بین الاقوامی سرحد پر جھڑپوں سے گریز پر توجہ دی۔ یہ اجلاس خوشگوار اور مثبت طریقہ سے منعقد ہوا۔ دونوں جانب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس سے پہلے کی ملاقاتوں میں جن اُمور پر بات چیت ہوئی تھی ان کو تیزی سے روبہ عمل لایا جائے گا۔ تاہم انھوں نے کہاکہ ہندوستانی عہدیداروں نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں پر یہ واضح کردیا کہ اگر کوئی اشتعال انگیز کارروائی ہوتی ہے تو وہ بھی جواب دیں گے۔ اس 105 منٹ کی میٹنگ کو پاکستانی رینجرس کی درخواست پر منعقد کیا گیا تھا۔