بینک سے مربوط قرض اسکیم کو عملی جامہ پہنانے حکومت کوشاں

دیگر طبقات کی طرز پر اقلیتی طلبہ کو فیس باز ادائیگی ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا ایوان میں بیان
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) حکومت اقلیتی طلبہ و طالبات کو فیس کی بازادائیگی اسکیم کو دیگر طبقات کی اسکیم کے طرز پر بہتر انداز میں چلا رہی ہے اور تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی بینک سے مربوط قرض کی اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹرتلنگانہ نے وقفہ سوالات کے دوران رکن قانون ساز کونسل مقامی جماعت کے رکن کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے 2015-16کے دوران داخل کی جانے والی درخواستوں کی یکسوئی عمل میں لائی جا رہی ہے اور تعلیمی سال 2015-16 کے دوران جن طلبہ کو فیس باز ادائیگی کی اسکیم کے تحت داخلہ فراہم کیا گیا تھا انہیں اسکیم کے مطابق فیس کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ رکن نے یہ جاننا چاہا تھا کہ 2015-16 کے دوران وصول کی گئی قرض کی درخواستوں کو اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے حصہ ادا نہیں کیا جارہا ہے جس پر ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے بلکہ درخواستوں کی یکسوئی کی کوشش کی جا رہی ہے۔