بیرون ملک روزگار کے نام دھوکہ، نوجوان بکریاں چرانے پر مجبور

کفیل کے ظلم کی شکایت، وطن واپسی کیلئے کے ٹی آر سے اپیل

گمبھی راؤ پیٹ۔/15 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بیرونی ملک سعودی عرب میں روزگار کے نام پر ایجنٹ سے دھوکا کھانے والے راجنہ سرسلہ ضلع کے یلنتہ کنٹہ کے ایک نوجوان محمد سمیر نے کفیل کے ظلم اور وہاں ہورہی زیادتیوں کی آب بیتی ویڈیو کے ذریعہ سوشیل میڈیا پر پوسٹ کردیا جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا۔ اس ویڈیو میں نوجوان محمد سمیر نے وہاں ان کے ساتھ پیش آنے والے رویہ کے بارے میں سناتے ہوئے زار و قطار رونے لگا اور علاقہ سے نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی سرسلہ و ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی آر ایس کے ٹی راما راؤ سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی حالت میں ہندوستان واپس لانے کی پہل کریں۔ بتایا گیا ہے کہ سمیر نامی نوجوان کو نظام آباد کا ایک ایجنٹ بھاری رقم کے حصول کے ذریعہ سعودی عرب کے ایک شادی خانہ میں روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے دمام روانہ کیا تھا۔ جہاں نوجوان کو ایک کام کے بجائے کفیل نے یہاں بان موتیلے علاقہ میں تنہا چھوڑ کر زائد از 300 بکریا ں چرانے پر مجبور کردیا۔ نوجوان نے اپنے ویڈیو کے ذریعہ کفیل کی جانب سے اس پر ہورہے ظلم و زیادتی کی شکایت بھی کی۔ موضع یلنتہ کنٹہ سے موصول اطلاع کے مطابق محمد سمیر نامی نوجوان کے والد محمد بابا کا چند سال قبل انتقال ہوچکا ہے ، جس کو ماں اور بھائی بہن ہیں جن کی کفالت کی ذمہ داری بھی محمد سمیر پر تھی جس نے روزگار کی تلاش میں بیرونی ممالک کا رُخ کرنے کا ارادہ کرتے ہوئے بذریعہ ایجنٹ سعودی عرب گیا تھا۔ جہاں اس کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا۔ اپنے جوان بیٹے کے ساتھ سعودی عرب میں اس طرح کے حالات پیش آنے پر فکرمند ماں کی طبیعت بھی خراب ہوگئی جس کو سدی پیٹ کے ایک خانگی دواخانہ سے رجوع کیا گیا۔ ٹی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن اسمبلی سرسلہ کے ٹی راما راؤ کے پی اے سے ملی اطلاع کے مطابق کے ٹی راما راؤ نے سعودی حکام اور سعودی ایمبیسی سے ربط پیدا کرتے ہوئے ذمہ داروں سے بات چیت کی اور انہیں سعودی عرب میں محمد سمیر کے ساتھ ہورہے ظلم و زیادتی کے واقعات سے واقف کروایا اور متاثرہ نوجوان کو فوری ضروری کارروائی کے بعد ہندوستان بھیجنے کی ہدایت دی۔