بیجنگ 2022 سرمائی اولمپکس کا میزبان

چین کے دارالحکومت بیجنگ کو 2022 سرمائی اولمپکس کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔میزبانی کی دوڑ میں قزاقستان کا سب سے بڑا شہر الماتی بھی شامل تھا تاہم بیجنگ کو ترجیح دی گئی۔بیجنگ اس سے پہلے 2008 کے اولمپکس کی میزبانی کر چکا ہے اور اب چینی دارالحکومت دنیا کا واحد شہر ہو گا جو موسم گرما کے اولمپکس کے بعد اب سرمائی اولمپکس کی میزبانی کرے گا۔بیجنگ کو پہلے ہی اولمپکس کی میزبانی کے تجربے کی وجہ سے مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا تھا۔ووٹنگ میں بیجنگ کے حق میں 44 جبکہ الماتی کے حق میں 40 ووٹ آئے۔میزبان ملک کے انتخاب کا مرحلہ دو برس قبل شروع ہوا تھا اور اس میں بعد میں بیجنگ اور قزاقستان کا سابق دارالحکومت الماتی میں سے ایک کو منتخب کیا جانا تھا۔میزبانی کی دوڑ میں دیگر دو شہر باہر ہو گئے تھے۔ ان میں اوسلو اور سٹاک ہوم مالی اور سیاسی مسائل کی وجہ سے الگ ہوئے۔2022 کے اولمپکس مقابلے بیجنگ اور اس سے 18 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر ژانگجیاکوو میں منعقد ہوں گے۔