بہار میں آدمی کو ہلاک کرنے کا شبہ ، خاتون کو برہنہ پریڈ کروایا گیا

ارّاہ (بہار) ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے بھوج پور ڈسٹرکٹ میں ایک ہجوم نے ایک خاتون پر ایک 19 سالہ لڑکے کی ہلاکت میں ملوث ہونے کا شبہ کرتے ہوئے زدوکوب کیا اور اسے سڑکوں پر برہنہ پریڈ کروایا۔ پولیس عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ ہجوم نے اس علاقہ سے گذرنے والی ایک ٹرین پر پتھر بھی پھینکے۔ بھوج پور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اواکاش کمار نے کہا کہ ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کو ہوا میں فائر کرنا پڑا اور گاؤں والوں کی جانب سے چند راؤنڈس فائرنگ کی گئی۔ ایس پی نے کہا کہ یہ واقعہ کل بیہیا پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جہاں ایک دن قبل گم ہوجانے والے ملیش ساہ کی نعش ایک ریلوے ٹریک کے قریب پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد 16 سالہ افراد بشمول آر جے ڈی کے ایک مقامی کارکن کو گرفتار کیا گیا ہے اور 8 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادونے اس واقعہ کے متعلق ٹویٹ کیا ،”ریاست میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے ،ہجوم نے ایک خاتون کو پہلے دوڑا دوڑا کر پیٹا اور اُس کے بعد اُسے برہنہ کر کے سڑک پر گھمایا ۔انسانیت کو تار تارکرنے والے اس واقعہ کے بارے میں سُن کرروح کانپ گئی ہے ،وزیرِعلیٰ نتیش کمار سے میں اپیل کرتا ہوں کہ ریاست میں امن وقانون کی بحالی کر کے خواتین کی حفاظت یقینی بنائی جائے ”۔