بھگوان قانون سے اوپر اور اس کے دائرہ سے باہر ہیں : بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ کا متنازعہ بیان 

لکھنؤ : متنازع بیانات کے سبب سرخیوں میں رہنے والے بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے ایک اور متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا کہ بھگوان قانون سے بالاتر ہیں ، اسلئے ایودھیا میں رام مندر کیلئے مناسب ماحول اور بنایا جاناچاہئے۔ ضلع بلیا کے بیریا اسمبلی حلقہ سے نمائندگی کرنے والے سریندر سنگھ نے کہا کہ اس وقت ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی ہیں جو ایک ہندوتوادی رہنما ہیں ۔

اسی طرح اترپردیش کے وزیر اعظم یوگی ادتیہ ناتھ ہیں جو عظیم ہندوتوا دی ہیں ۔اس کے باوجود رام مندر معاملہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے ۔اس سے بڑی بدقسمتی ہندوستان اور ہندو سماج کیلئے اور کچھ نہیں ہوسکتی ۔انہوں نے کہا کہ بھگوان قانون سے بالاتر ہے کیونکہ یہ آستھا سے جڑا ہوا ہے ۔اس لئے اسے آئین کے دائرے میں نہیں رکھا جاسکتا ۔انہوں نے دعوی کیا کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات سے قبل رام مندر کی تعمیر کا آغاز ہوجائیگا ۔جو یوگی ادتیہ ناتھ جی کے ہاتھوں سنگ بنیاد کا افتتاح عمل میں آئے گا ۔

دوسری جانب بی جے پی رکن پارلیمان رویندر کشوہا نے امیدظاہر کی کہ آئندہ ماہ شروع ہورہے پارلیمنٹ سرمائی اجلاس میں رام مندر کی تعمیر کیلئے قانون پاس کروالیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس سیشن کے دوران تمام بی جے پی ممبران پارلیمان کو دہلی سے باہر نہ جانے کی ہدایت دی ۔