بھوپال میں آل انڈیا ملی کونسل کا اجلاس

مولانا عبداﷲ مغیثی کونسل کے دوبارہ صدر ، ڈاکٹر محمد منظور عالم جنرل سکریٹری
بھوپال۔31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے ہوٹل امپیریل ہوٹل سیبرے میں منعقدہ آل انڈیا ملی کونسل کے 18ویں سالانہ اجلاس میں آج نئی میقات کے لئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس میں آئندہ تین سالہ میقات کے لئے مولانا حکیم محمد عبداﷲ مغیثی ، میرٹھ کو دوبارہ صدر اور ڈاکٹر محمد منظور عالم صاحب کو متفقہ طور پر جنرل سکریٹری منتخب کیا گیا۔دیگر عہدیداران میں مولانا عبدالوہاب خلجی کو اسسٹنٹ جنرل سکریٹری اور درج ذیل نائبین صدر کا بھی انتخاب عمل میں آیا جن کے نام حسب ذیل ہیں۔مفتی محمد اشرف علی باقوی قاسمی، بنگلور امیر شریعت کرناٹک، مولانا محمد اسرارالحق قاسمی، ایم۔پی ، کشن گنج بہار،  مولانا انیس الرحمٰن قاسمی، ناظم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ، مولانا ڈاکٹر یاسین علی عثمانی، بدایوں، یوپی،  مولانا عبدالعلیم قاسمی بھٹکلی، کرناٹک ۔ واضح رہے کہ آل انڈیا ملی کونسل کی نئی میقات کے لئے ڈاکٹر ایس فاروق کو متفقہ طور پر کونسل کا خازن منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر مرکزی مجلس عاملہ کے لئے 30 اراکین کا بھی انتخاب عمل میں آیا اور باقی 31  اراکین عاملہ کے انتخاب کے لئے صدر اور جنرل سکریٹری کو مجاز کیا گیا۔ اجلاس میں آل انڈیا ملی یوتھ آرگنائزیشن کو عملی شکل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ طلاق ثلاثہ اور یونیفارم سول کوڈ پر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے  اس کے دستخطی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا نیز بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کے سلسلہ میں بھی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اور اس کے تدارک کے لئے مناسب اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس نے متفقہ طور پر کئی اہم ایشوز پر قرار داریں بھی منظور کیں۔اس اجلاس میں مولانا حکیم محمد عبداﷲ مغیثی میرٹھ، مولانا اسرارالحق قاسمی ایم۔ پی۔ مولانا یاسین علی عثمانی بدایوں، مولانا عبدالعلیم قاسمی بھٹکل، مولانا سید مصطفیٰ رفاعی ندوی بنگلور، محمدرحیم الدین انصاری حیدرآباد ، مولانا آس محمد گلزار قاسمی اتر پردیش، حافظ رشید چودھری ایڈووکیٹ آسام، مولانا عبدالوہاب خلجی، جناب عارف مسعود بھوپال، مشائخ مفتی سید باقر ارشد قاسمی بنگلور، سید شاہد احمد بنگلور، سلیمان خان بنگلور، عاصم سیٹھ افروز، شیخ نظام الدین شولاپور، محمد جاوید اقبال پٹنہ، مفتی ثناء الھدیٰ پٹنہ، ڈاکٹر وکیل احمد رضوی رانچی، غلام محمد ہگلی، شمیم اختر جاوید کلکتہ،  سی۔ آر عبدالرشید بنگلور،عبدالرحیم پٹیل چیننئی، مولانا ڈاکٹر اعجاز احمد دربھنگا، مولانا حبیب اﷲ ہاشمی،  ڈاکٹر محمد اصغر چلبل گلبرگہ اور ملک کی مختلف ریاستوں سے تشریف لائے ہوئے اراکین  ومدعوئین خصوصی نے اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر منظور عالم جنرل سکریٹری نے اجلاس کی نظامت کے فرائض انجام دئے  جبکہ مولانا عبدالوہاب خلجی  معاون جنرل سکریٹری نے تمام شرکاء اجلاس،  مندوبین نیز مجلس استقبالیہ اور اسکے صدر عارف مسعود کی طویل جدوجہد کی تحسین کرتے ہوئے ان کے تئیں بالخصوص اظہار تشکر کیا۔ صدر محترم کی دعائوں پر اجلاس کااختتام ہوا۔