بھونیشور اور دھون کو دوسرے ٹسٹ میں آرام

نئی دہلی، 21نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں آٹھ وکٹ لے کر مین آف دی میچ رہے تیج بھونیشور کمار اور اوپنر شکھر دھون کو 24 نومبر سے ناگپور میں ہونے والے دوسرے ٹسٹ میچ سے آرام دے دیا گیا ہے ۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ بھونیشور کو سری لنکا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے باقی دو میچوں سے چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ شکھر دو دسمبر سے دہلی میں ہونے والے تیسرے ٹسٹ کے انتخاب کے لئے دستیاب رہیں گے ۔بی سی سی آئی نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اجازت مانگی تھی ۔ بھونیشور کی 23 نومبر کو شادی ہے جس کی وجہ سے وہ پوری سیریز کا حصہ نہیں بن سکیں گے ۔سلیکٹر کمیٹی نے ان کی جگہ تمل ناڈو کے آل راؤنڈر وجے شنکر کو ٹیم میں شامل کیا ہے اور اب وہ ٹسٹ سے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز کریں گے ۔ 26سالہ وجے شنکر نے اب تک 32 فرسٹ کلاس میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 1671 رن بنانے کے علاوہ 27 وکٹ بھی حاصل کئے ہیں۔ وہ 2015 ء میں انڈیا اے کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ نیوزی لینڈ اے کے خلاف گھر یلو سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھے ۔