بھونگیر نعیم کا انکاونٹر تلنگانہ پولیس کا اہم کارنامہ

فرقہ وارانہ امن و ہم آہنگی کی صورتحال اطمینان بخش : ڈی جی پی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بدنام زمانہ گینگسٹر نعیم الدین عرف بھونگیر نعیم کا انکاونٹر ریاستی حکومت کی اور تلنگانہ پولیس کا ایک اہم کارنامہ ہے ۔ یہ بات ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست تلنگانہ ایم مہیندر ریڈی نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں پریس کانفرنس کے دوران ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال اور غیر سماجی عناصر کے متعلق بات کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 میں نعیم ٹولی چوکی کے اثرات کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دیا جائے گا اور اس کے قریبی ساتھی شیشنا کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔ تاہم ڈی جی پی الیرانکاونٹر کے متعلق لب کشائی کرنے سے مسلسل گریز کرتے رہے ۔ جس میں وقار الدین اور اس کے ساتھیوں کا انکاونٹر کیا گیا تھا جو عدالتی تحویل میں تھے ۔ ڈی جی پی پولیس عہدیداروں سے نعیم کے تعلقات اور ان کے خلاف کارروائی پر بھی اپنے محکمہ کا عملًا دفاع کیا اور سیاسی قائدین کے متعلق کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور قانون کے لحاظ سے اقدامات کو کاررائیاں کی جائیں گی ۔ ڈی جی پی نے ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال اور فرقہ وارانہ واقعات کے متعلق کہا کہ عوام پرامن ہیں اور امن و ضبط کے متعلق حکومت کافی سنجیدہ ہے ۔ امن کو بگاڑنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ریاستی حکومت و پولیس برداشت نہیں کرے گی بلکہ قانون کے آہنی شکنجہ سے انہیں سزا دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس کی شہر و ریاست میں کوئی سرگرمیاں نہیں ہیں جب کہ سابق میں چند نوجوان اس کا شکار تھے ۔ پولیس نے نوجوانوں کے والدین اساتذہ اور سماج کے ذی اثر افراد کے ذریعہ ان کی کونسلنگ کروائی ۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ چند لوگ جو برائے خلیجی ممالک میں روزگار کے بہانے شام اور عراق گئے ہیں اور ان کی سرگرمیوں کے متعلق پولیس کو علم ہے اور موثر وقت پر پولیس اقدام کرے گی ۔۔