بپی لہری بی جے پی میں شامل

نئی دہلی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے ممتاز موسیقار بپی لہری نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے قومی صدر راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرتے ہوئے اس فیصلہ کا اعلان کیا، جس پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی میں شامل کرلیا گیا۔

این ڈی اے میں این سی پی کیلئے کوئی گنجائش نہیں: شیوسینا
نئی دہلی۔/31جنوری،( سیاست ڈاٹ کام ) شیوسینا نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے میں شرد پوار کا خیرمقدم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ مرکز یا مہاراشٹرا میں بی جے پی کی قیادت والے اتحاد میں این سی پی کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ ہم این ڈی اے میں این سی پی کو مدعو نہیں کریں گے۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد والی حکومت میں این سی پی کی گنجائش نہیں ہے۔ یاد رہے کہ راوت نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب میڈیا میں یہ رپورٹ گشت کررہی ہے کہ شردپوار نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔ اس رپورٹ کو خود شرد پوار نے بے بنیاد اور شرانگیزی سے تعبیر کیا۔ جب مسٹر راوت سے یہ پوچھا گیا کہ این سی پی لیڈر ڈی پی ترپاٹھی نے حال ہی میں یہ کہا تھا کہ پارٹی کیلئے کئی متبادل موجود ہیں جس پر سخت ریمار کرتے ہوئے راوت نے کہا کہ این سی پی کیلئے نہ ہمارے دروازے کھلے ہیں اور نہ کھڑکیاں۔ یاد رہے کہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے میں این سی پی ایک کلیدی پارٹی ہے۔این سی پی نے این ڈی اے سے مفاہمت کی اطلاعات کو مسترد کردیا ہے اور شرد پوار نے مودی سے ملاقات کی تردید بھی کی ہے۔