بودھن میں گنے کی کاشت میں خاطر خواہ کمی

سابق رکن اسمبلی شکیل عامر کی پریس کانفرنس
بودھن۔/12ا کٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر نے یہاں اپنے کیمپ آفس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق ریاستی وزیر و کانگریس پارٹی کے قائد سدرشن ریڈی چالیس سال سے عوامی خدمات انجام دینے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن وہ ریونت ریڈی کو اپنی کارکردگی کی تشہیر کرنے بودھن کے دورہ پر لائے ہیں۔ شکیل عامر نے کہاکہ بودھن میں کبھی تقریباً سالانہ سات تا 10لاکھ ٹن گنے کی فصل لگائی جاتی تھی لیکن اب صرف تیس تا چالیس ہزار ٹن گنا اُگایا جارہا ہے۔ کسان سال میں تین تین فصلیں اگانے کے عادی ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف غلط مقدمات دائر کئے گئے لیکن آج تک کسی بھی عدالت نے مجھے گناہ گار نہیں ٹھہرایا۔ شکیل عامر نے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی ریونت ریڈی کو طاقتور امیدوار سمجھتی ہے تو انہیں بودھن سے مقابلہ کیلئے اُتارا جائے۔ شکیل عامر نے کہا کہ اگر انہیں شکست ہو تو وہ بودھن کیا ضلع نظام آباد میں کبھی اپنی شکل کسی کو نہیں بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سدرشن ریڈی اپنے دھن دولت اور اپنے کاروبار میں توسیع دینے سیاسی میدان میں اُتر رہے ہیں اور شکیل عامر پر گزشتہ ساڑھے چار سال میں کافی رقم جمع کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی اگر سدرشن ریڈی کی بات سچ ہے تو وہ اپنی تمام پونجی بودھن کے عوام کیلئے فلاحی کاموں پر خرچ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سدرشن ریڈی نے بھی اپنی تین میعادوں کے دوران جو رقم جمع کی ہے اس میں سے نصف رقم بودھن میں فلاحی کاموں پر خرچ کریں۔ اس پریس کانفرنس میں وی آر دیسائی، عبدالرزاق، جمیل سائبر، سید اشفاق علی و دیگر قائدین موجود تھے۔