بنگلہ دیش کے مایوس کن دورۂ افریقہ کی تحقیقات کا اعلان

ڈھاکہ ۔یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف دورہ میں شرمناک شکست کی تحقیقا ت کا اعلان کیا ہے۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ کھلاڑیوں ، منیجرز اور کوچنگ عملہ ہر کسی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مجموعی طور پر پوری ٹیم کی کارکردگی مایوس کن تھی۔جس پر ہمارے کچھ سوالات ہیں۔بنگلہ دیش نے تینو ں فارمیٹس میں جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کھائی ہے۔نظم الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ آخر مسئلہ کیا ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ بنگلہ دیش کو شکست ہوئی ہے لیکن جس طرح شکست ہوئی ہے وہ قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں موجود بولرز کی کارکردگی پورے دورہ میں ناقص رہی اور اس کا الزام صرف بیٹسمینوں کو دینا غلط ہے۔بولرز نے بے جان وکٹ پر بھی کوئی بولنگ کے کمالات نہیں دکھائے۔بنگلہ دیشی بورڈ کے صدر نظم الحسن نے یہ بھی کہا کہ بنگلہ دیش فروری جنوری میں متوقع طور پر سری لنکا کی میزبانی کرے گا۔