بنگلہ دیش کے خلاف جنوبی افریقہ کو 21 رنز کی حیران کن شکست

اوول ۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش نے ورلڈکپ میں اپنے پہلے اور اہم میچ میں شان دار بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو باآسانی 21 رنز سے شکست دے دی۔ اوول کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور دونوں اوپنرز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم دونوں اوپنرز75 رنز کے مجموعی اسکور پر ہی آؤٹ ہوگئے۔ تمیم نے 29 گیندوں پر 16 رنز کی سست اننگز کھیلی سومیا سرکار نے جارحانہ انداز اپنایا اور 30 گیندوں پر 42 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ شکیب الحسن اور مشفق الرحیم کے درمیان 142 رنز کی شراکت داری نے بنگلہ دیش کو بڑے ہدف کی جانب گامزن کیا، دونوں نے بالترتیب 75 اور 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں۔ چھٹے نمبر پر محمود اللہ ریاض نے انتہائی شان دار مظاہرہ کیا اور آخری اوورز میں 33 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے بیٹسمینوں کی شان دار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کی مضبوط بولنگ کے سامنے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے عمران طاہر، پھیلوکوایو اور کرس مورس نے فی کس 2 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقہ نے ہدف کے تعاقب میں اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹ 49 رنز پر گنوائیں جب وہ 23 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے جس کے بعد کپتان فاف ڈیوپلیسی اور مرکرام نے اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 102 تک پہنچایا۔ مرکرام 45 رنز بنا کر شکیب الحسن کی گیند پر آوٹ ہوئے جبکہ فاف ڈیوپلیسی 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 گیندوں پر 62 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 147 رنز تھا۔۔جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنائے اور میچ میں 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔