بنگلہ دیش میں مذہب اسلام کی سرکاری حیثیت ختم کرنے کی کوشش

کراچی۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں اسلامی تشخص کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں ملک کے سرکاری مذہب اسلام کو ختم کرنے کیلئے درخواست دائرکردی گئی ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق دنیا کے تیسرے بڑے اسلامی ملک بنگلہ دیش کی اسلامی شناخت ختم کرنے کی تیاریا ں شروع کردی گئیں۔ بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف حملوں کے بعد اسلام کو بطور سرکاری مذہب کی حیثیت ختم کیے جانے کا امکان ہے۔حکومت کے کچھ حامی عناصر اور اقلیتی مذاہب کے پیروکاروں کی طرف سے اسلام کو بنگلہ دیش کا سرکاری مذہب ختم کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔سوشل میڈیا میں اس سلسلے میں مہم جاری ہے۔بنگلہ دیش 1988تک سرکاری طور پر ایک سیکولر ملک تھا ۔حسین محمد ارشاد کی فوجی حکومت نے آٹھویں ترمیم کے تحت اسلام کو ملک کا سرکاری مذہب قراردیا تھا۔درخواست کی سماعت جاریہ ماہ27تاریخ کو ہوگی۔