بنگلہ دیشی شخص کو شرمجیوی دھماکہ مقدمہ میں سزائے موت

جونپور(یوپی)۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک بنگلہ دیشی شخص کو حرکت الجہادالاسلامی (حوجی) سے روابط کے جرم میں آج ایک مقامی عدالت نے سزائے موت سنائی دی کیونکہ وہ 2005ء کے شرمجیوی ایکسپریس ٹرین دھماکہ میں ملوث تھا جس میں 12 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے۔ عبیدالرحمن عرف بابو دوسرا ملزم ہے جسے اس مقدمہ میں سزائے موت دی گئی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج بدھی رام یادو نے کل عبیدالرحمن کو مجرم قرار دیتے ہوئے 10.3 لاکھ روپئے کا جرمانہ کیا تھا۔قبل ازیں ایک اور بنگلہ دیشی حوجی کے کارکن عالمگیر عرف رونی کو بھی سزائے موت اور 7 لاکھ روپئے جرمانہ کیا گیا تھا۔ دیگر دو ملزمین رفیق الوشواس اور سہاگ عرف ہلال کو بھی اس دھماکہ کے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے قید میں رکھا گیا ہے۔
تملناڈو کی ایک خاتون کا محبت کو ٹھکرانے پر قتل
ٹوٹی کورین (تملناڈو)۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک خاتون ٹیچر جس کی عمر 25 سال تھی، ایک مرد کے ہاتھوں چرچ میں قتل کردی گئی۔ بعدازاں حملہ آور نے بھی خودکشی کرلی۔ پولیس کے بموجب فرینسینا نے 26 سالہ جوگن کی شادی کی تجویز کو مسترد کردیا تھا اور اس کے اگلے مہینہ ایک اور شخص سے شادی کرلی تھی۔ اس پر برہم جوگن نے اس پر حملہ کیا جبکہ وہ چرچ میں عبادت کررہی تھی۔ انجینئرنگ اسٹوڈنٹ نے بعدازاں خود کو پھانسی پر لٹکاکر ایک قریبی عمارت میں خودکشی کرلی۔ پولیس کے بموجب ابھی تحقیقات جاری ہیں۔