بنگال میں این آر سی کومتعا رف نہیں کیا جائے گا : ممتا بنرجی 

کلکتہ : اس دلیل کے ساتھ کہ این آر سی کے نام پر ملک کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اس دوران وزیر اعلی مغربی بنگال نے کہا کہ ان کی حکومت بنگال میں این آر سی کو متعارف کروانے کی بی جے پی کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔ترنمول کانگریس کے طلباء یونین کی سالانہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ بنگال میں شیر او ربکری ایک گھاٹ پر پانی پیتے ہیں مگر بنگال میں این آر سی کو متعارف کروانے کو کوشش سے بنگال میں امن وامان کا ماحول خراب ہوجائے گا ۔وزیر اعلی نے طلباء لیڈروں سے کہا کہ ہم بی جے پی او رآر ایس ایس کے ہندو توا میں یقین نہیں رکھتے ہیں ۔کیونکہ ان لوگوں کا ہندوتوا ہندو مذہب سے بالکل مختلف ہے ۔

ان کے ہندو توا میں سب کو ساتھ لیکر چلنے کی صلاحیت نہیں ہے۔جب کہ ہندو مذہب سبھی کا احترام تعاون و اشتراک پر یقین رکھتا ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ آر ایس ایس تیزی سے انتہائی پسندی کی طرف مائل ہورہی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کے کارکنان او رطلباء لیڈروں سے اپیل کی کہ وہ سازشوں کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کریں ۔ بی جے پی بنگال میں فرقہ واریت کو پھیلانے کی سازش کررہی ہے ۔ ہمیں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا ۔

ممتا بنر جی نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہورہی ہے۔ ہمیں عوام تک پہنچ کر مرکزی حکومت او ربی جے پی کی ناکامیو ں کا اجاگر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کام ہی ہماری پہچان ہے ۔