بلند شہر تشدد :اہم ملزم کے مکان سے فونس برآمد ،تحقیقات میں تیزی 

میرٹھ : پچھلے سال ہوئے بلند شہر کے واقعہ میں پولیس کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ آئی۔ پولیس کے مطابق بلند شہر کے تشدد میں ہلاک ہوئے پولیس انسپکٹر سبودھ کمار کا موبائل فون پرشانت ناتھ جو اس واقعہ کا اہم ملزم مانا جارہا ہے اس کے گھر میں پایا گیا ۔ تشدد کے دوران پرشانت ناتھ نے پولیس انسپکٹر سبودھ کمار کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ اسے ۲۷؍ دسمبر کو گرفتار کیاگیا ۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ پرشانت ناتھ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے پولیس انسپکٹر سبودھ کمار پر گولی چلائی تھی ۔ جس سے وہ ہلاک ہوگئے ۔ پولیس کو پرشانت کے گھر کی تلاشی کے دوران ۵؍ موبائل فون دستیاب ہوئے ۔ بلند شہر کے ایس پی اتل کمار شریواستو نے یہ بات بتائی ۔ مسٹر کمار شریواستو نے مزید بتایا کہ پرشانت کے گھر سے جو فونس برآمد ہوا ہے اس سے عہدیداروں کو تحقیقات میں مزید مدد ملے گی۔او راس معاملہ میں پرشانت کے ساتھ اور کون لوگ شامل ہیں اس کا بھی پتہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ضبط شدہ فون کے حقیقی مالکین کون ہیں پولیس ابھی اس کا پتہ لگا رہی ہے ۔ ایس پی مسٹر اتل کمار نے مزید باتیں کہتے ہوئے کہا کہ ہم نے پرشانت کو حراست میں لے رکھا ہے او راس کے کپڑے بھی ضبط کرلئے ہیں جو اس نے قتل کے وقت پہنے تھے ۔ یہ کپڑے اس نے اپنے مکان میں چھپادئے تھے بعد ازاں اس کے گھر کے افراد نے ہمیں پولیس اسٹیشن لاکر دیدئے ۔