بلا و مصیبت دُور کرنے کیلئے

جناب محمد رضی الدین معظم

٭ آیت کریمہ ’’لآالٰہ الّا اَنت سبحانک انی کنت من الظالمین‘‘ دفع رنج و غم کے لئے پڑھنے کے دو طریقے ہیں۔ اول ایک ہی مجلس میں سوا لاکھ مرتبہ پڑھیں اور دوم یہ کہ حاجت مند خود تنہا اس آیت کریمہ کو عشاء کی نماز کے بعد تاریکی میں بیٹھ کر باوضوء قبلہ رو ہوکر تین سو (۳۰۰) مرتبہ پڑھے اور پانی کا پیالہ اپنے پاس رکھے اور پڑھنے کے دوران تھوڑی تھوڑی دیر میں اس پانی میں ہاتھ ڈال کر اپنے منہ اور جسم پر ملتا رہے۔ یہ عمل کم از کم تین دن یا اگر ہوسکتے تو سات دن تک جاری رکھیں، ان شاء اللہ تعالیٰ کامیابی حاصل ہوگی۔
٭ بلا اور مصیبت کے وقت ’’اَنِّیْ مَسَّنِیَ الضُّرُّ وَاَنْتَ اَرْحَمٌ الرّٰحِمِیْن‘‘ پڑھنے سے ان شاء اللہ تعالیٰ نجات حاصل ہوگی۔
اللہ تعالیٰ کا برگزیدہ بندہ
حضرت ابوعامر بصری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میری ایک دیوار گرگئی تو میں اس کو بنوانے کے لئے کسی مزدور کی تلاش میں نکلا۔ مزدوروں کے اڈہ پر پہنچا تو دیکھا کہ ایک نہایت خوبصورت شخص قرآن پڑھ رہا ہے۔ ایک شخص نے بتایا کہ یہ شخص بھی مزدوری کرتا ہے۔ میں نے جب اس شخص سے مزدوری کی خواہش کی تو اس نے یہ شرط رکھی کہ ’’میں نماز کے وقت کام نہیں کروں گا‘‘۔ میں نے اس کی شرط منظور کرلی اور وہ کام پر لگ گیا۔ شام کو جب میں نے کام کا جائزہ لیا تو اس مزدور نے دس مزدوروں کے برابر کیا تھا، جس کو دیکھ کر میں حیران رہ گیا۔ دوسرے دن پھر اس شخص کی تلاش میں نکلا تو لوگوں نے بتایا کہ وہ ہفتہ میں صرف ایک دن (شنبہ کو) کام کرتا ہے۔ میں نے شنبہ تک اس کا انتظار کیا اور جب اس کی تلاش میں نکلا تو دیکھا کہ وہ بیٹھ کر قرآن پاک کی تلاوت کر رہا ہے۔ میں نے اسے مزدوری کے لئے راضی کیا اور چھپ کر دیکھنے لگا کہ ایک تنہا شخص دس لوگوں کے برابر کس طرح کام کرتا ہے؟۔ میں نے دیکھا کہ وہ شخص گارا ڈالتا جا رہا ہے اور اینٹیں خود بخود آکر جڑجاتی ہیں۔ یہ منظر دیکھنے کے بعد میں سمجھ گیا کہ یہ شخص اللہ کا برگزیدہ بندہ ہے۔ میں پھر شنبہ کو اس کی تلاش میں نکلا تو لوگوں نے بتایا کہ وہ شخص تین دن سے بیمار ہے اور فلاں مقام پر پڑا ہوا ہے۔ میں جب اس کے پاس پہنچا تو اس نے کہا: ’’میرے بھائی! یہ قرآن پاک اور یہ انگوٹھی خلیفہ ہارون رشید تک پہنچا دینا‘‘۔ اس کے بعد اس شخص کا انتقال ہو گیا۔ تب مجھے پتہ چلا کہ یہ کوئی شہزادہ ہے۔ (مرسلہ)