برطانیہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کی مستقل رکنیت کا حامی

نئی دہلی 14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمروں نے آج کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ ہندوستان کو سلامتی کونسل میں شامل کرے ۔ کیمرون نے یہاں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ ،کلکتہ کے اسٹوڈنٹس کے ساتھ تعارفی سیشن میں کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ ہندوستان کو سلامتی کونسل میں مستقل رکن کی حیثیت سے شامل کرلیں ۔ یہ بات اہم ہے کہ سلامتی کونسل اس ضمن میں اپنے سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ بطور ادارہ بے نقص نہیں ہے بلکہ قابل قدر تنظیم ہے ۔ اسے خود کو بھی عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرلینا چاہئے ۔ قبل ازیں ہندوستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو وسعت دینے کی کوشش کے طور پر وزیر اعظم برطانیہ نے کہا کہ برطانیہ اور ہندوستان کو ایک دوسرے کی پسند کے شراکت دار بننا چاہئے کیونکہ دونوں ممالک دہشت گردی سے نمٹنے جیسے مختلف چیلنجس سے ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہوئے نمٹ سکتے ہیں۔ کیمرون نے نئی دہلی میں وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ساتھ کئی باہمی ‘ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر پرجوش ہیں کہ دونوں ممالک اپنے تعاون و اشتراک میں اضافہ کر رہے ہیں۔ امیگریشن مسئلہ کے تعلق سے انہوں نے وضاحت کی کہ برطانیہ جانے والے ہندوستانی طلبا کی تعداد پر کوئی تحدیدات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور ہندوستان کو منتخب شراکت دار ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف برطانیہ جا کر تعلیم حاصل کرنے والے ہندوستانی طلبا کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہے بلکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت کرنے والوں کی تعداد کوئی پابندی نہیں ہے ۔ کیمرون ایک روزہ دورہ پر کل رات دیر گئے دہلی پہونچے تھے ۔ سچن تنڈولکر کے آخری ٹسٹ میچ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ان کے پاس سچن کی برطانیہ کے اسٹیڈیم کی ایک تصویر ہے اور انہیں امید ہے کہ سچن اس تحفہ کو پسند کرینگے ۔