برائیوں کے خاتمہ کیلئے صبر اور تقویٰ اختیار کرنے کی تلقین

گوداوری کھنی۔ 27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رمضان مقدس مہینہ ہے۔ اس ماہ میں قرآن مجید کا نزول ہوا جو تمام انسانوں کی ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ اس میں ساری انسانیت کیلئے رہنمائی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو ہدی الناس قرار دیا لیکن ہم نے اس کو صرف مسلمانوں تک محدود کرکے رکھ دیا۔ اس کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار قاسمہ شاہین رکن جماعت کھمم مہمان خصوصی نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ رمضان میں قرآن مجید کا نزول ہوا۔ اس کے شکرانہ کے طور پر ہم ہر ایک ماہ کے روزے فرض کئے گئے۔ قرآن مجید جہاں انسانوں کی ہدایت اور فلاح کی تعلیم دیتا ہے، وہیں روزے صبر اور تقویٰ کی صفت پیدا کرتے ہیں۔ یہ صفت جب آدمی میں پیدا ہوجاتی ہے تو معاشی میں برائیوں کا خاتمہ ہوگا اور امن و سکون کی فضاء پیدا ہوگی۔ جب ہی ہمارا ملک صحیح سلامت رہے گا اور ملک کی حقیقی ترقی ہوگی۔ اس کے لئے تمام لوگ بلالحاظ مذہب آگے بڑھیں اور ایک دوسرے کا تعاون کریں۔ انہوں نے زکوٰۃ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی تکلیف سمجھنے اور ان کی مدد کیلئے اِنفاق کی صفت پیدا کرتا ہے تب ہی ایک آدمی خوشدلی سے زکوۃ ادا کرتا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کا نظام ہے۔ آج بھی اگر ہر آدمی اس نظام کو اپنائے تو دنیا میں کوئی بھوکا اور بے سہارا نظر نہیں آئے گا۔ اس طرح قرآن مجید انسانی زندگی کے تمام مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ انہوں نے برادران وطن سے خواہش کی کہ وہ قرآن اور حدیث کا مطالعہ کریں اور دین اسلام کو سمجھنے کی کوشش کریں کیونکہ اسلام ایک فطری مذہب ہے۔ پرشانتی لیکچرر، شیلجا ایڈوکیٹ، شالینی پرنسپال، سینٹ پال اسکول، سوپنا اور سجاتا میونسپل کارپوریٹروں نے بھی اظہار خیال کیا۔ حمیدہ بیگم، ناظمہ خواتین کی صدارت میں پروگرام ہوا۔ نسرین نے رمضان اور سائنس کے عنوان پر اظہار خیال کیا۔ اقصیٰ تزئین نے درس قرآن دیا اور حنا تبسم نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ اُردو میڈیم اسکول، اشوک نگر، گوداوری کھنی میں ہوئے۔ اس پروگرام میں مسلم اور برادران وطن خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔