’’باہوبلی ‘‘مختار انصاری کو ووٹ دینے مایاوتی کی اپیل

مہوا (یوپی)۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ گینگسٹر سے سیاست داں بننے والے محروس مختار انصاری کو ووٹ دیں تاکہ انکی کامیابی سے انکی ’’باہوبلی‘‘ (طاقتور انسان) کی امیج واضح ہوجائے۔ مایاوتی نے کہا کہ میں آپ پر زور دیتی ہوںکہ آپ بڑی تعداد میں ووٹ دیں اور مختار انصاری کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ مختار انصاری ایک بار اسمبلی انتخاب جیت جائیں تو انکے بازوؤں کی طاقت میں غیرمعمولی اضافہ ہوگا اور انکا باہوبلی امیج بنیادی طور پر اُبھر کر سامنے آجائے۔ بی ایس پی سربراہ نے مختار انصاری کے حق میں یہ انتخابی مہم مشرقی یوپی میں مہوا میں چلائی جہاں چھٹے مرحلے میں 4 مارچ کو رائے دہی ہوگی۔ مختار انصاری 40 فوجداری مقدمات کا سامنا کررہے ہیں جن میں قتل اور اغوا کے الزامات بھی شامل ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بی ایس پی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے قومی ایکتا دل قائم کیا تھا۔ حکمراں پارٹی سماج وادی پارٹی نے انکے انضمام کو مسترد کردیا تھا کیونکہ چیف منسٹر اکھیلیش یادو کی جانب سے شدید اعتراض کیا گیا تھا۔