بانڈی پورہ میں جنگجوؤں کی موجودگی کا شبہ، تلاشی آپریشن جاری

سری نگر11جون (سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے جنگلات میں سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن بحال کردیا ہے ۔ فوج کا کہنا ہے کہ علاقہ میں جنگجوؤں کا ایک گروپ چھپابیٹھا ہے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا ‘ہم نے بانڈی پورہ کے پانار جنگلات میں سرچ آپریشن پیر کی علی الصبح بحال کردیا ۔ پانار کے گھنے جنگلات میں جنگجو چھپے ہوئے ہیں جن کی بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے ‘۔ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین گذشتہ شام گولہ باری کا مختصر تبادلہ ہوا جس میں فوج کے دو اہلکار زخمی ہوئے ۔ انہوں نے بتایا ‘جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے جنگل کو چاروں اطراف سے سیل کیا گیا ہے ‘۔ دریں اثنا دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرل کے کیرن سیکٹر میں تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا ہے ۔ کیرن سیکٹر میں اتوار کے روز چھ بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں گذشتہ دو ہفتوں کے دوران دراندازی کی قریب پانچ کوششیں ناکام بنائی گئیں جن میں قریب 16 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔تاہم دراندازی کی ان پانچ کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا ایک زخمی ہوا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی پر برف پگھلنے کے ساتھ ہی سرحد کے دوسری طرف بیٹھے جنگجوؤں نے بھارتی حدود میں داخل ہونے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ تاہم انہوں نے بتایا کہ بھارتی فوج چوکنا ہے ۔