بال ٹھاکرے کو چھوٹا دکھانے 100 کروڑ لاگت سے RSS پر فلم

اکشئے کمار اہم کردار نبھائیں گے ، مودی اور امیت شاہ کا آشیرواد

نئی دہلی۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں آر ایس ایس کی پیدائش ہوئی اور اسی ریاست کے ناگپور سے سارے ہندوستان میں اس کی جڑیں پھیلی۔ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی ترقی میں اس کی سیاسی شاخ بی جے پی نے حالیہ عرصہ کے دوران اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ ملک کی تقسیم کے بعد سے ہی آر ایس ایس ملک میں ہندوتوا کے فروغ کیلئے سرگرم ہے۔ آج بی جے پی کا اقتدار اس کی طویل مدتی منصوبہ بندی کا ہی نتیجہ ہے، جہاں تک بی جے پی کا سوال ہے، وہ خود کو آر ایس ایس کی محاذی اور ہندوتوا کی واحد نمائندہ تنظیم تصور کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مہاراشٹرا میں حکومت کے باوجود وہ شیوسینا جیسی حلیف سے خائف ہے۔ وہ نہیں چاہتی کہ شیوسینا، ہندوتوا کاز کی چمپین بن کر اُبھرے۔ 2019ء کے انتخابات میں شیوسینا نے بی جے پی سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان کیا۔ ویسے بھی مرہٹوں میں شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کافی شہرت رکھتے تھے۔ اس کے مرنے کے بعد بھی مہاراشٹرا میں شیوسینا کا اثر باقی ہے۔ ریاست میں بال ٹھاکرے کو نیچا دکھانے اور شیوسینا کی مقبولیت گھٹانے کیلئے بی جے پی کی نمبرون جوڑی مودی اور امیت شاہ نے ایک منصوبہ بنایا اور اس منصوبہ کے تحت آر ایس ایس کے بارے میں ایک فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق باہو بالی کے رائٹر وجیندر پرساد آر ایس ایس کی تاریخ اور اس کے بانیوں بشمول ڈاکٹر کے بی ہیڈگوار، مادھو شیوگوالکر اور آر ایس ایس کیڈر کے حالات زندگی پر ایک کہانی قلمبند کررہے ہیں۔ پچھلے چند ماہ سے وجیندر پرساد اور ان کے رائٹرس کی ایک ٹیم اس فلم پر کام کررہی ہے جو آر ایس ایس کے قیام، اس کی جدوجہد اور کامیابیوں کے طراف گھومتی ہے۔ اس فلم کا نام ’’آر ایس ایس‘‘ رکھا گیا۔ 100 کروڑ روپئے کے بجٹ سے تیار ہونے والی اس فلم میں بالی ووڈ اداکار اکشئے کمار اہم رول ادا کریں گے۔