بالاکوٹ میں حملوں کی حقیقت دریافت کرنے پر قوم دشمنی کا الزام حیران کن : محبوبہ مفتی

سرینگر 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے آج کہاکہ جو افراد بالاکوٹ پر فضائی حملوں کی حقیقت دریافت کرتے ہیں وہ قوم دشمن کیسے ہوسکتے ہیں۔ اُنھیں حکومت کی جانب سے ایک ایسے وقت جبکہ انتخابات سر پر آگئے ہیں اور کاشتکار اپنے مسائل سے اور عوام بے روزگاری سے پریشان ہیں، اِس قسم کے الزامات حیران کن ہیں۔ اِن سے انتخابی رجحان تبدیل بھی ہوسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فی الحال بالاکوٹ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملے انتخابی اعتبار سے بی جے پی کے حق میں ہیں لیکن نریندر مودی کا یہ کہنا کہ اِس کی مخالفت کرنے والے قوم دشمن ہیںحیرت انگیز ہے۔ اُن کا یہ الزام عوام کا موڈ تبدیل کرسکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں نے دہشت گرد کیمپوں پر فضائی حملوں کی حقیقت اِس لئے دریافت کی ہے کہ اِن حملوں پر پاکستان خوش نظر آتا ہے۔ مودی نے کہا تھا کہ اب اُنھوں نے فضائی حملوں کا ثبوت دریافت کرنا شروع کردیا ہے، اِس طرح وہ فوج کی حوصلہ شکنی کررہے ہیں۔