باباؤں کی حکومت بھی مندر بنانے سے قاصر : ہاردک پٹیل

لکھنؤ 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے گجرات کے پٹی دار لیڈر ہاردک پٹیل نے آج کہاکہ حالانکہ یوپی میں ’’باباؤں کی حکومت‘‘ ہے لیکن ایودھیا میں ہنوز رام مندر تعمیر نہیں کیا جاسکا۔ نوجوانوں اور کاشتکاروں کے ایک پروگرام کے سلسلہ میں جو ڈسمبر میں مقرر ہے، دورہ کرتے ہوئے ہاردک پٹیل نے بی جے پی کی کانگریس پر تنقید کا حوالہ دیا اور بھگوا پارٹی پر الزام عائد کیاکہ وہ برسر اقتدار ہونے کے باوجود ’قوم کے لئے کچھ نہیں کررہی ہے ‘ ۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین سوال کرتے ہیں کہ گزشتہ 70 سال کے دوران کیا کیا گیا۔ یہ اچھی بات ہے کہ کانگریس نے اسکول اور کالج قائم کئے اگر وہ مجسمے نصب کرتے رہتے تو آئی ٹی آئی کہاں سے آتے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُن کے خیال میں ہندوستان کے تمام نوجوان آسٹریلیا یا امریکہ جاچکے ہوتے۔ تاہم اُنھوں نے کہاکہ اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں کانگریس کی کسی طرح بھی کوئی مدد کرنا چاہتا ہوں۔ لیکن جس اسکول میں میں نے تعلیم حاصل کی تھی وہ کانگریس کا قائم کیا ہوا تھا اور اس کے لئے اُس کی تعریف کرنا ضروری ہے۔