اے ائی ایم ائی ایم کے اسد اویسی نے لالو پرساد یادو سے ہاتھ ملانے کا دیا اشارہ

حیدرآباد۔اے ائی ایم ائی ایم صدر اسدالدین اویسی نے اپنے چونکا دینے والی بیان میں آر جے ڈی صدر اور بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ہے۔نیوز ایجنسی اے این ائی کے مطابق حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے لالو پرسادیاد و پر زوردیا ہے کہ وہ فرقہ پرستوں کے خلاف تنہا مقابلہ نہیں کرسکتے۔

مجلس کا احیاء عمل میں لانے والے عبدالواحد اویسی کی یا د میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہاکہ ’’ لالو یادو صاحب فرقہ پرست طاقتوں سے آپ اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتے‘ اگر ان سے مقابلہ کرنا ہے تو آپ پہلے مضبوط ہوجائیں‘‘

انہوں نے کہاکہ اگر سیما انچل کو اس کا حق دیاجائے گا ‘ تو بہار کے مسلمانو ں کی حالت میں سدھار آجائے گا‘ اگر یہ ممکن ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔

انڈیا ٹوڈے نے اسد الدین اویسی کے بیان کو شائع کرتے ہوئے لکھا کہ’’ میں کوچادھامن ( کشن گنج‘ بہار) کی میٹنگ میں کہاتھا ایک دن نتیش کمار بی جے پی کے گود میں جاکر بیٹھ جائیں گے اور یہ حقیقت ثابت ہوئی۔

یہ وہی نتیش کمار ہے جس نے کہاتھا میں کبھی بھی بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملاؤنگا۔ مگر اب وہ کہتے ہیں کہ سکیولرزم سے زیادہ کرپشن زیادہ اہمیت کا حامل موضوع ہے اور فسطائی پارٹی سے ہاتھ ملالیا‘‘