ایوانکا ٹرمپ اور جارڈ کوشنر کی 82 ملین ڈالرس کی کمائی

واشنگٹن ۔ 12 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا اور داماد جارڈ کوشنر نے وائیٹ ہاؤس میں سینئر مشیران کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دینے کے علاوہ ’’باہر سے بھی‘‘ گذشتہ سال 82 ملین ڈالرس کمائے جس کا سہرہ ان کمپنیوں کے سر بندھتا ہے جن کی ان دونوں نے سرمایہ کاری سے متعلق قیادت کی تھی۔ واشنگٹن میں ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل میں ایوانکا ٹرمپ کے 3.9 ملین ڈالرس کے حصص ہیں جبکہ ٹرمپ کی آرگنائزیشن سے انہیں 2 ملین امریکی ڈالرس بطور تنخواہ حاصل ہوئے۔ واشنگٹن پوسٹ نے دونوں کے مالی انکشاف کے فارم کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات بتائی۔ ایوانکا کے شوہر جارڈ کوشنر نے کوشنر کمپنیز، اپارٹمنٹ کامپلکس کوئیل رج موقوعہ نیوجرسی سے زائد از 5 ملین ڈالرس کمائے۔