این ڈی اے کو شرح ترقی کیلئے یو پی اے کا

نئی دہلی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نے آج کہا کہ ہندوستانی معیشت کی جاریہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں اعلیٰ شرح ترقی کا سہرا یو پی اے حکومت کی پالیسیوں کے سَر ہے اور نئی حکومت کو اس بات کو تسلیم کرنا چاہئے۔ کانگریس کے سینئر قائد نے سوال کیا کہ کیا مودی حکومت اپنے ایسے ایک بھی اقدام کا نام بتا سکتی ہے جو اس نے 26 مئی کے بعد کیا ہے جس کے نتیجہ میں اعلیٰ شرح ترقی یکم جون تا 31 اگست حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کو یو پی اے کی پالیسیوں کے نتائج اپنے سَر باندھنا تر کردینا چاہئے۔ کانکنی، پیداوار اور خدمات کے شعبہ میں بہتر کارکردگی اور گزشتہ ڈھائی سال سے 5.7 فیصد شرح ترقی اور مالی سال 2014-15ء کی پہلی سہ ماہی کی شرح ترقی یو پی اے حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے پیداواری شعبہ ، برقی توانائی اور کانکنی کے شعبوں کا احیاء کرنے کیلئے یو پی اے حکومت کے کئے ہوئے کئی اقدامات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اس کے علاوہ مالی خدمات میں متعدد اصلاحات کی گئیں جس کے نتیجہ میں موجودہ بلند شرح ترقی حاصل ہوئی۔