این ڈی اے سے ملک کو بچانے ٹی ایم سی کا عہد

مجسموں کی دلدادہ بی جے پی خود مجسمہ بن جائے گی : ممتا بنرجی
کولکاتا ، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج مرکزی کی بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت پر شدید تنقید کی کہ وہ مبینہ طور پر کلیدی ہندوستانی اداروں جیسے سی بی آئی اور آر بی آئی کو تباہ کررہی ہے۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) سربراہ نے کہا کہ پارٹی اس طرح کی تباہیوں سے ملک کو بچانے میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ انھوں نے یہاں ایک پارٹی میٹنگ کو بتایا: ’’وہ (این ڈی اے حکومت) ادارہ جات کو تباہ کررہے ہیں۔ وہ آر بی آئی اور سی بی آئی کے طرز کارکردگی کو تبدیل کردینا چاہتے ہیں۔ جس پارٹی نے مجسموں کی تعمیر کو اپنا انتخابی ایجنڈہ بنالیا ہے وہ خود آنے والے لوک سبھا الیکشن کے بعد مجسمہ بن جائے گی۔‘‘ ممتا بنرجی جنھوں نے جنوری میں یہاں بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں میگا ریالی منعقد کرنے کی اپیل کی ہے، انھوں نے کہا کہ زعفرانی پارٹی کو صرف نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) کو تازہ کرتے ہوئے فرقہ وارانہ تفرقہ پیدا کرنے میں دلچسپی ہے۔ انھوں نے ادعا کیا کہ ٹی ایم سی اس طرح کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گی۔ پارٹی آنے والے دنوں میں ملک کو بی جے پی سے بچانے میں زیادہ بڑا رول ادا کرے گی۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ وہ جنوری میں ٹی ایم سی ریالی کیلئے تمام اپوزیشن قائدین کو مدعو کریں گی اور بی جے پی کے خلاف متحدہ لڑائی لڑیں گی۔ اس ریالی میں ہمارا نعرہ ’’بی جے پی ہٹاؤ، دیش بچاؤ‘‘ رہے گا۔ اپنی ریاست میں آئندہ ماہ بی جے پی کی طے شدہ رتھ یاترا کا تذکرہ کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ زعفرانی پارٹی سیاسی ’یاترا‘ کا اہتمام کررہی ہے۔ دوسری طرف ہمارے ورکرز تمام برادریوں کو متحد کرنے کے مقصد سے ’ایکتا یاترا‘ منظم کریں گے۔