ایم بی ٹی پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کیا گیا : امجد اللہ خاں خالد

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ایم بی ٹی قائد امجد اللہ خاں خالد نے الزام لگایا ہے کہ حلقہ یاقوت پورہ کے علاقے بھوانی نگر اور تالاب کٹہ کے علاوہ کئی علاقوں میں ان کے ایجنٹ کے لیے طاقت کے بل بوتے پر حالات مشکل کردئیے گئے ۔ ایم بی ٹی کے ایجنٹس کے پاسس پھاڑ دئیے گئے جب کہ کئی پولنگ بوتھس پر ایم بی ٹی کے ایجنٹس کو بیٹھنے بھی نہیں دیا گیا ۔ امجد اللہ خاں خالد نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے ان سلیپس کے نمونوں کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا جو کہ زبردستی ان ایجنٹوں سے چھین کر پھاڑ دئیے گئے تھے ۔ ایم بی ٹی کے ایجنٹس کو وقفہ وقفہ سے ہراسانی کا شکار بنایا جارہا تھا جب کہ پولیس کو بھی ہر تھوڑی دیر بعد طاقت کا استعمال کرتا دیکھا گیا اور پولیس کو جارحانہ تیور اختیار کرتے ہوئے حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کررہی تھی جب کہ رائے دہی کے دوران احتیاطی طور پر کئی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا تھا ۔۔

ایل بی نگر حلقہ اسمبلی کے کانگریس امیدوار کی گرفتاری کا مطالبہ
بوکھلاہٹ میں تلگودیشم کارکنوں پر حملہ کا الزام: ٹی ڈی پی امیدوار آر کرشنیا
حیدرآباد /30 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی ایل بی نگر کے تلگودیشم امیدوار آر کرشنیا نے تلگودیشم کارکنوں پر حملہ کرنے کانگریس امیدوار ڈی سدھیر ریڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے انھیں فوری گرفتار کرنے ڈی جی پی سے مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ رائے دہی ختم ہونے سے قبل کانگریس امیدوار کو اپنی شکست کا احساس ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر انھوں نے ٹی ڈی پی کارکنوں پر ان کی نظروں کے سامنے حملہ کیا، جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی رکن اسمبلی کا تلگودیشم کارکنوں پر حملہ کرنا بدبختانہ عمل ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس امیدوار نے اپنی امکانی شکست کو کامیابی میں تبدیل کرنے کے لئے ٹی ڈی پی کے مقامی قائدین کو خرید لیا اور پیسہ پانی کی طرح بہاتے ہوئے ووٹ خریدنے کی کوشش کی، تاہم ان کے تمام سیاسی ہتھکنڈے ناکام ہو گئے، جس کی وجہ سے انھوں نے رائے دہندوں میں دہشت پھیلانے کے لئے تلگودیشم کارکنوں پر حملہ کیا۔ اس حملہ کے بعد وہ عوام کا مزید اعتماد کھو چکے ہیں اور شکست ان کے سرپر سزا بن کر منڈلا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوریت میں حق دہی کے معاملے میں مکمل آزادی ہے، غنڈہ گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انھوں نے تلنگانہ میں تلگودیشم اور بی جے پی اتحاد کی کامیابی کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کے لئے دونوں جماعتوں کو واضح اکثریت حاصل ہو جائے گی۔