ایم این ایس کے رویہ پر مسلح فوج کی برہمی

سرجیکل اسٹرائیک کو سیاسی رنگ دینے پر پہلے سے ناراض فوج نے مہارشٹرنونرمان سینا(ایم این ایس) کے طرز عمل کوبھی انتہائی غلط قراردیاجس میں ان فلم پروڈیوسرس کو جو اپنی فلموں میں پاکستانی شہریوں کوموقع دیتے ہیں 5کروڑ روپئے ویلفیر فنڈ میں ادا کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ’’ فوج کے ساتھ سیاسی کھیل نے کھیلا جائے۔ فوج ایک غیرسیاسی ‘ انتہائی سنجیدہ اور سکیولر طاقت ہے۔مسلح افواج کو اس طرح نچلی سطح کی سیاست میں نہیں گھسیٹناچاہئے۔

سینئر عہدیدار نے کہاکہ ہم صرف ایسے فنڈس قبول کرتے ہیں جو رضاکارانہ طور پربطورعطیہ دیئے جائیں۔اس معاملے میں اسی طرح کی زبردستی یاجبرنہیں کیاجاناچاہئے۔حال ہی میں جنگ کا شکار ہونے والے فوجیوں اور ان کے افراد خاندان کے فنڈ قائم کیاگیا ہے۔

سیاچن میں 3فبروری کو برف کے تودے گرنے سے دس سپاہیوں کی ہلاکت او راُری دھشت گرد حملے میں19سپاہیوں کی ہلاکت کے بعد اس طرح کے فنڈ کا مطالبہ کیا جارہا تھااور اس میں عوامی تنظیموں سے رضاکارانہ عطیہ وصول کیاجاتا ہے۔