ایمسیٹ کی 5اور 27جولائی کو کونسلنگ، ڈی ایس سی ابھی نہیں

حیدرآباد۔/29جون، ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے انجینئرنگ اور دیگرکورسیس میں داخلوں کیلئے ایمسیٹ 2016 کی کونسلنگ 5جولائی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا اس کا دوسرا مرحلہ 27جولائی کو ہوگا اور 29جولائی سے کلاسیس کا آغاز ہوجائیگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر و انچارج وزیر تعلیم کے سری ہری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ کالجس کی تعداد اور فیس کے بارے میں وہ بعد ازاں وضاحت کریں گے۔ طلباء 10اور 11جولائی کو آپشن ( اختیار ) سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ فیس کی بذریعہ چالان ادائیگی اور متعلقہ کالجس کو 21جولائی تک رپورٹ کرنا ہوگا۔مسٹر کڈیم سری ہری نے واضح کیا کہ اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے ڈی ایس سی کا مستقبل قریب میں کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 11اکٹوبر کو دسہرہ کے موقع پر نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد ہی اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔