ایل او سی کے پاس پاکستانی شلباری، دو فوجی جوان زخمی

ہندوستانی فائرنگ سے دو پاکستانی فوجی ہلاک ہونے کا پاکستان کا الزام
جموں ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے اضلاع پونچھ اور راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس پاکستانی دستوں کی فائرنگ اور شلباری کی زد میں آکر آج دو سپاہی زخمی ہوگئے۔ ترجمان دفاع نے کہاکہ پاکستان آرمی نے صبح 8.45 بجے بلااشتعال، اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے لئے چھوٹے آتشیں اور خودکار اسلحہ استعمال کئے گئے۔ ایل او سی کے پاس بھیمبر گال سیکٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ پاکستانی فورسیس نے 10.30 بجے نوشیرہ، کلال اور سندربنی سیکٹرس میں فائر بندی کی خلاف ورزی بھی کی۔ ترجمان کے مطابق انڈین آرمی نے طاقتور اور مؤثر جواب دیا۔ آج کی فائرنگ اور شلباری میں دو سپاہیوں کو زخم آئے اور اُنھیں دواخانے سے رجوع کیا گیا۔ گزشتہ روز بھی پاکستان آرمی نے ایل او سی کے پاس نوشیرہ، کلال اور سندربنی سیکٹرس میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی تھی۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب پاکستان کی فوج نے کہا کہ ہندوستانی فوجیوں نے اپنی تازہ ترین بلااشتعال فائرنگ کے دوران جو خط قبضہ پر واقع ہمبر دیہات کے قریب کی گئی تھی، دو پاکستانی فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ کل پاکستانی چوکیوں پر اسی دیہات کے قریب ہندوستانی فوجیوں نے فائرنگ کی تھی۔ خط قبضہ پر صورتحال پیچیدہ ہے ۔ پاکستان کی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی فوجیوں نے مبینہ حملے اور ٹھوس نقصان کے بعد جو ہندوستانی چوکیوں کو پہنچایا گیا تھا، فائرنگ کا جواب دیا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہندوستان کی جانب کتنے سپاہی ہلاک ہوئے۔