’ایران کو اپنے اقدام کی بھاری قیمت چکانا ہوگا‘: امریکہ

ابوظہبی 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ پامپیو نے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے موقع پر کہا ہے کہ ایران کو امریکہ یہ بتادینا چاہتا ہے کہ اُس کو اپنے اقدامات کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ پامپیو نے اسکائی نیوز عربیہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایران کو اس کا غلط طور طریقہ جاری رکھنے کے لئے درکار معاشی صلاحیت سے محروم رکھنے پر (امریکہ کی) توجہ مرکوز رہے گی۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہاکہ سلسلہ وار تحدیدات کا اصل نشانہ دراصل ایرانی عوام نہیں ہیں بلکہ واحد اصل مقصد یہ ہے کہ ایرانی حکمرانوں کو یہ باور کروایا جاسکے کہ ان کا مسخ شدہ اور غلط برتاؤ بہرصورت ناقابل قبول ہے‘‘۔ مائیک پامپیو نے اپنے مختصر دورہ کے موقع پر ابوظہبی کے انتہائی طاقتور اور بااثر ولیعہد محمد بن زائد النھیان سے بھی ملاقات کی۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں واشنگٹن نے تہران کے خلاف انتہائی سخت موقف اختیار کیا ہے۔ حتیٰ کہ وہ ایران کے ساتھ طے شدہ عالمی طاقتور کے نیوکلیر سمجھوتہ سے دستبردار ہوچکا ہے۔